شہر کے کئی علاقوں میںناجائز تجاوزات کے خلاف مہم

 سری نگر//ڈپٹی کمشنر سری نگرمحمد اعجازاسد کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ سرینگر نے ضلع کے مختلف علاقوں میں ایک بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات مہم شروع کی اور 46 کنال اور 17 مرلہ سے زائد سرکاری اراضی کو بازیاب کیا جس کی مالیت تقریباً 25 کروڑروپے تھی۔ متعلقہ تحصیلداروں کی سربراہی میں محکمہ مال کے اہلکاروںنے خانیار، شالہ ٹینگ ،شمالی اور جنوبی سری نگر تحصیلوں میں انسداد تجاوزات مہم چلائی۔ ڈی سی نے کہا کہ ضلع کے تمام حصوں میں انسداد تجاوزات مہم جاری رہے گی تاکہ زمین پر قبضہ کرنے والوں کی طرف سے سرکاری اور کاہچرائی اراضی سے قبضہ ہٹایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زمین پر قبضے میں ملوث افراد سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوںنے تجاوزات کے خلاف کارروائی میں عوام سے تعاون طلب کیااور سی آر پی سی کے تحت کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔انہوں نے قابضین سے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر غیر قانونی قبضہ چھوڑ دیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔