سرینگر // شہر سرینگر کی اکثر بستیوں میں ڈرینیج نظام ناکارہ ہونے سے کئی بستوں میں گندا پانی گھروں کی صحنوں،سڑکوں اور گلی کوچوں میں جمع ہونے سے بدبو پھیلنے سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے ۔سرینگر کی ہمدانیہ کالونی بمنہ ، ایم ایم ٹی ، اولڈ برزلہ ، مہجور نگر ، چھتہ بل ،کرسو راجباغ ، ،پادشاہی باغ، بمنہ ، بٹہ مالو کے علاوہ شہر خاص اور نالہ مار سے منسلک دونوں اطراف متعدد علاقوں میںمعمولی بارشوں سے سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں جبکہ گھروں سے نکلنے والے پانی کی نکاسی کا بہتر انتظام نہ ہونے کی وجہ سے گلی کوچے اور مکانوں کے صحن گندے پانی سے بھر جاتے ہیں جس کے سبب راہگیروں اور طلاب کو چلنے پھرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شہر خاص کی کئی سڑکیں ایسی ہیں جن کی مرمت عرصہ دراز سے نہیں ہوئی ہے اور نتیجے کے طور پر یہ سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں اور سڑکوں پر گہرے کھڈ گندے پانی سے بھرے رہتے ہیں جس سے اُن علاقوں میں بدبو پھیل رہی ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ڈرنیج سسٹم مفلوج ہوچکا ہے ۔اکثر علاقوں میں کئی برس قبل تعمیر کی گئی ڈرین جام ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بارش کا پانی یا گھروں سے نکلنے والا گندہ پانی سڑکوں کے اوپر بہہ جاتا ہے اور چاروں اطراف گندگی اور بدبو پھیل جاتی ہے۔بعض علاقوں میں ڈرینوں کی سطح اس قدر نیچی ہے کہ پانی کہیں سے بھی نہیں نکل پاتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اکثر علاقوں میں سڑکوں کے کناروں پر موجود نالیوں کی صفائی بھی نہیں کی جاتی ہے ۔لوگوں نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ اُن علاقوں میں بہتر ڈرنیج سسٹم قائم کرنے کے ساتھ ساتھ تباہ ہوئے ڈرنیج کی مرمت کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔