سرینگر// سونہ وار اسٹیڈیم میں26جنوری کی تقریب کے پیش نظر رام منشی باغ سے ٹی آر سی تک سڑک کو بند کرنے کے نتیجہ میں بٹوارہ سے ڈلگیٹ تک پیرکو بد ترین ٹریفک جام رہا۔ سونہ وار کرکٹ اسٹیڈیم کے متصل رام منشی باغ سڑک کو ریڈیو کشمیر کراسنگ تک عام ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے پیر کے روز بند کیا گیا ۔ سڑک بند کرنے کی وجہ سے تمام گاڑیوں کو سونہ وار سے ڈلگیٹ کی جانب موڑ دیا گیا،جس کے نتیجے میں بدترین ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ اتھواجن بائی پاس سے لیکر ڈلگیٹ تک سینکڑوں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئیں،جبکہ بٹوارہ سے لیکر ڈلگیٹ تک گاڑیوں کی طویل قطاریںلگ گئیں۔ ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ٹریفک سے متعلق ایجنسیوں نے پیشگی کوئی بھی ٹریفک پلان مشتہر نہیں کیا جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ٹریفک جام کی وجہ سے گاڑیوں میں مسافر درماندہ رہ گئے اور بعد میں بیشتر مسافروں نے پیدل سفر کرنے میں ہی عافیت سمجھی۔ یہ سلسلہ پیر سہ پہر سے شام تک جاری رہا۔ادھر رام باغ فلائی اوور اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی سست رفتار ٹریفک کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میںطے ہوگیا۔