شہر کے اسپتالوں میں کینٹینوں اور غذائی تنصیبات کا معائنہ

سرینگر//کمشنر فوڈ سیفٹی جے اینڈ کے ونود شرما نے شہر سرینگر میں قائم فوڈ اسٹیبلشمنٹ کا معائنہ کیا اور وہاں لوگوں کو فروخت کی جارہی اشیاء خوردنی کے معیار اور صحت و صفائی کا جائیزہ لیا۔اُن کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر فوڈ سیفٹی کشمیر عرفانہ احمد، نامزد افسر ڈسٹرکٹ سرینگر ہلال احمد میر اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔ٹیم نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کنٹین، سُپر سپشلٹی ہسپتال کنٹین، جی بی پنت ہسپتال کنٹین، سی ایچ ٹو ہوٹل اور دربار مؤ ملازمین کے لئے حاصل کئے گئے ہوٹلوں کا جائیزہ لیا۔دورے کے دوران سُپر سپشلٹی ہسپتال اور ایس ایم ایچ ہسپتالوں کی کینٹینوں میں صحت و صفائی کا فقدان پایا گیا۔ ان کینٹینوں کے ٹھیکیداروں کو موقعہ پر 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اس کے علاوہ مختلف ہسپتالوں کے ان پیشنٹ کیٹرنگ کا بھی جائیزہ لیا گیا اور ان کیٹرنگوں کے چلانے والوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ فوڈ سیفٹی اینڈ سٹنڈرڈ ایکٹ2006 کے مطابق صحت و صفائی کو یقینی بنائے رکھیں۔سونہ وار میں سی ایچ ٹو ہوٹل میں زائد المعیاد اجزاء اور غذائی اجناس کو اخبارات میں لپیٹ کر فروخت کرنے کا عمل دیکھا گیا۔اس ہوٹل کے مالک پر30 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔دربار مؤ ملازمین کے رہایشی ہوٹلوں میں بھی صحت و صفائی کا جائیزہ لیا گیا اور ملازمین کو فراہم کی جارہی غذائی اجناس کے معیار کو بھی پرکھا گیا۔ان ہوٹلوں کے کیٹرنگ انچارجوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایف ایس ایس ایکٹ کے تحت صحت و صفائی اور غذائی اجناس کے معیار کو بنائے رکھیں۔کمشنر نے فوڈ سیفٹی کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدہ طور پر کھانے پینے کی اشیاء کو جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رکھیں اور صحت و صفائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے عیدا لفطر کے موقعہ پر عملے کو محتاط رہنے کی بھی ہدایت دی۔