سرینگر//ہندئو ں کے روحانی پیشوا شری شری روی شنکر نے کشمیری عوام کو’’ماضی بھول کر مستقبل کی فکر‘‘ کا سبق پڑھاتے ہوئے اس بات کا اشارہ دیا کہ اگر حکومت ہند انہیں مصالحت کار کی پیشکش کرے گی،تو قیام امن کیلئے انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔انہوں نے شہری ہلاکتوں کو نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورسز کی ہلاکتیں بھی دردناک ہے۔ سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں’’پیغام محبت‘‘ پروگرام کے دوران معروف ہندو روحانی پیشوا اور’’ آرٹ آف لوینگ‘‘ کے سربراہ نے کشمیری زبان میں ’’ولیو کتھ کرئو‘‘(آئیں بات کریں) سے اپنی تقریر شروع کرتے ہوئے کہا کہ’’مئہ چھُ تہند لول آمت‘‘(مجھے آپ کی یاد آئی ہے)۔شری شری روی شنکر نے کشمیر کو جنت قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’یہاں کے لوگوں کے دلوں کو جوڑنا اور زخموں پر مرہم لگانے کی ضرورت ہے‘‘،تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ماضی کو فراموش کر کے پیش رفت کرنے کی ضرورت ہے۔آرٹ آف لوینگ کے سربراہ نے کہا’’کشمیری ماضی بھول کر مستقبل کی فکر کریں‘‘۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی عزت پہاڑوں سے اونچی اور جھیل سے وسیع ہے،اور میں نے ہمیشہ کشمیر میں’’درد کے بیچ پیار کی جھلک دیکھی ہے‘‘۔ بعد میں سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شری شری روی شنکر نے کہا کہ وہ 2دنوں کے دوران کئی ایک وفود سے ملاقی ہونگے،اور ان کے درد کی داستان سنیں گے۔ اس دوران تاہم انہوں نے بیشتر سوالات کو ٹالتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خاص مقصد کیلئے یہاں آئے،اور پیغام محبت کے بارے میں ہی ان سے سوالات کریں۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ وہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے قریب ہیں،اور وہ انہیں سیاسی پہل کیلئے کیوں تیار نہیں کرتے تو انہوں نے کہا’’ میں بی جے پی یا وزیر اعظم کے اتناقریب نہیں ہوں‘‘۔شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے روی شنکر نے کہا کہ’’خواہ شہری ہلاک ہو یا اہلکار وہ دردناک ہوتا ہے‘‘۔بابری مسجد سے متعلق انکے بیان پر جب تبصرہ کرنے کیلئے انہیں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے سوال کو ٹال دیا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں مذاکرات کار کی پیشکش کی جائے گی تو انہوں نے کہا’’جہاں میری ضرورت ہوگی،مجھے وہ کام کرنے میں خوشی حاصل ہوگی۔ روی شنکر نے واضح کیا کہ وہ غیر سیاسی شخصیت ہیں اور کشمیر میں قائم امن کی وکالت کرتے ہیں،اور’’اگر کوئی نا انصافی ہے‘‘ تو میں انکے ساتھ ہوں،جبکہ کشمیر انسانی مصائب کا مسئلہ ہے۔ تقریب کے دوران لوگوں کی شکایت کہ انہیں دھوکہ سے لایا گیا،سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میںروی شنکرنے کہا کہ میں ان سے بات کرئو گا،اور انکے نا امید ہونے کی وجوہات کا پتہ چلائو ںگا۔