سرینگر//شہری ہلاکتوں کے چکر پر قدغن لگانے کی وکالت کرتے ہوئے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے پلوامہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔شہر کے حضوری باغ میںکشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے صدر بشیر احمد راتھر کی قیادت میں احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین نے ہلاکتوں کو بند کرنے اور انسانی حقوق کی پامالایوں کو روکنے کے حق میں نعرے بلند کئے،جبکہ انہوں نے بینئر اور پلے کارڑ بھی اٹھا رکھے تھے،جن پر انسانی ہلاکتوں کو بند کرنے سے متعلق تحریر درج کی گئی تھی۔اس موقعہ پر بشیر احمد راتھر نے کہا کہ انکا احتجاج مشترکہ مزاحمتی قیادت کی کال کا حصہ ہے،تاہم بادامی باغ فوجی چھاونی تک جانے والے راستوں کو سیل کیا گیا ہے،جس کے نتیجے میں انہوں نے شہر میں اپنا احتجاج کیا۔راتھر نے کہا کہ بار بار مرنے سے بہتر ہے کہ ایک بار ہی کشمیری عوام کو ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کی وجہ سے انکی تجارت پر جہاں منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں وہی معاشی طور پر بھی وہ تباہ ہوچکے ہیں۔بشیر احمد راتھر نے واضح کیا کہ شہری ہلاکتوں کو ٹھندے پیٹوں قبول نہیں کیا جائے گا،بلکہ تاجر اس کے خلاف ہر محاز پر مزاحمت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بے قصور شہریوں کو مارنے سے کشمیر میں نیا ہی امن قائم ہوگا اور نا ہی کسی کی سیاسی منشا پوری ہوگی،بلکہ اس سے صورتحال بد ست بد تر ہوگئی۔ احتجاجی مظاہرے میں فیڈریشن کے سینئرنائب صدر فیاض احمد بٹ، محمد رجب کچھے محمد ایوب لاوئے،نثا ر احمد شہدار،ہلال احمد منڈو،معراج الدین خان کے علاوہ کئی بازار کمیٹیوں کے صدور جن میں ہلال احمد شاہ،عادل احمد،نذیر احمد ملک،محمد امین،محمد شفیع اور سرجیت سنگھ نے بھی شرکت کی۔