شہرکے متعدد علاقوں میں بجلی گُل

سرینگر//برفباری کے بعد ہفتہ کو شہرکے متعدد علاقوں میں بجلی نظام ٹھیک نہیں کیا جاسکاجس سے لوگ مشکلات سے دوچار ہیں ۔برفبا ری کے بعد اگر چہ سرینگر کی اہم سڑکوں سے گاڑیوں کی آمدورفت ممکن بنادی تاہم برف پگھلنے کے ساتھ ہی شہر سرینگر کے کئی علاقوں میںسڑکیں اور گلی کوچے زیر آ ب آ گئے۔برفباری شروع ہوتے ہی جمعہ کی شام شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی کاٹ دی گئی ۔سنیچر کو اگرچہ کئی علاقوں میں بجلی سپلائی کو ممکن بنا دیا گیا ہے تاہم کچھ علاقوں میںشام تک بجلی سپلائی بحال نہیں ہوئی تھی۔پی ڈی ڈی حکام نے بتایا کہ بحالی کے کام میں مصروف ہے لیکن محکمہ کی اولین ترجیح اسپتالوں اور اہم عوامی مقامار میں بجلی بحال کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ برف باری کی وجہ سے ترسیلی نظام کو نقصان پہنچا ہے اور ملازم صبح سے ہی بجلی سپلائی بحال کرنے میں لگے ہوئے ہیںاورشہر کے کم وبیش تمام علاقوں کو بجلی سپلائی بحال کر نے کی کوشش کی جا ئے گی ۔اس دوران بھا ری برفبا ری کے بعد ہفتے کی صبح سے مطلع صاف تھا موسم خوشگوار رہنے کے سبب برف پگھلنے لگا جس کے نتیجے میں گلی کو چے اور سڑ کیں زیر آ ب آ گئیں۔ شہر کے پرانے علاقوں کے علاوہ سیول لائنز، راجباغ، مہجور نگر،رام باغ،نٹی پورہ اور بمنہ کی گلی کوچوں میں کافی پانی جمع ہوگیا ہے جو لوگوںکیلئے پریشانیوں کا باعث بن رہا ہے ۔ بمنہ ، ٹینگہ پورہ ، بٹہ مالو ، پارم پورہ ، قمرواری ، شالہ ٹینگ ، برزلہ رام باغ ، مہجورنگر ، جواہر نگر ، پائین شہر کے علاقوں جن میں رعناواری بھی شامل ہیں کے سینکڑوں رہائشی مکانوں کے صحنوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔(مشمولات سی این ایس)
 
 

ڈپٹی میئر کا متعدد علاقوں کا دورہ

گلی کوچوںسے برف ہٹانے کی ہدایت

سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ عمران نے سنیچر کو شہر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور سڑکوں سے برف ہٹانے اور پانی کی نکاسی کیلئے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے لال چوک ،جامع مسجد ،راجوری کدل ،بہوری کدل ،لوکٹ ڈل ،خواجہ صاحط ،خانقاہ معلی ،جوگی لنگر ،دستیگیر صاحب خانیار ،آستان عالیہ مخدوم صاحب،مائسمہ اور ریذیڈنسی روڈ سمیت پائین شہر کے اندورنی علاقوں کا دورہ کیا ۔ان کے ہمراہ کئی محکموں کے آفیسران اور کارپوریٹ بھی تھے ۔انہوں نے میونسپل ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ اندرونی گلی کوچوں اور زیادت گاہوں کے آس پاس برف ہٹائیں ۔انہوں نے ذہنی مریضوں کے ہسپتال کا دورہ بھی کیا ور وہاں داخل مریضوں کے لئے سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں برف ہٹانے کیلئے میونسپل ملازمین متحرک ہیں اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں
 

تمام علاقوں میں بجلی اور پانی کی سپلائی بحال

 موسمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے انتظامیہ پوری طرح تیار : ڈی سی 

سرینگر//انتظامیہ نے ضلع سرینگر میں24 گھنٹوں کی کوششوں کی بدولت تمام خدمات بشمول بجلی کو بحال کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے بذاتِ خود ضلع میں تمام متاثرہ خدمات کی بحالی کی نگرانی کی۔ انتظامیہ نے سرینگر کی تمام بڑی سڑکوں اور گلیوں میں جمع برف ہٹانے اور پانی کی نکاسی یقینی بنائی اور شہرکے تمام علاقوں میں بجلی اور پانی کی سپلائی کو بحال کیا۔ ہسپتالوں اور ریسوینگ سٹیشنوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں تا کہ ہسپتال کو جانے والی سڑکوں کو صاف رکھا گیا تا کہ لوگوں کی نقل و حمل میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے کل تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسروں کی ایک ایمرجنسی میٹنگ طلب کی اور اس کے بعد شہر کا دیر رات انسپکشن کے دوران عمل میں لائی جاری کوششوں کا جائزہ لیا۔متعلقہ محکموں کو ہدایات دی گئی کہ خراب موسمی حالات کے مد نظر ضلع میں اہم خدمات کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خراب موسمی حالات سے پیدا شدہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ پوری طرح  تیار ہے۔ انہوں نے لوگوں کو اپنے مسائل کو حل کرانے کیلئے ہیلپ لائین 7061112345 اور 9419042342 پر رابطہ قائم کرنے کی تلقین کی۔