گاندربل//بسرہ بگ شہامہ آلسٹینگ میں سوموار شام سے لاپتہ 12 سالہ لڑکے کی لاش گھر سے تھوڑی دوری پر واقع میوہ باغ سے برآمدہوئی ۔بسرہ بگ شہامہ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب سوموار شام سے 12 سالہ لڑکے فیصل احمد مسگر عرف صابہ ولد غلام حسن کی لاش اس کے چاچا نے گھر سے تھوڑی دوری واقع میوہ باغ سے برآمد کی جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ڈسڑکٹ ہسپتال گاندربل میں پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے لایا۔پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی۔مقتول لڑکے کی لاش جب گھر پہنچائی گئی تو وہاں ہر سو صف ماتم بچھ گئی۔مذکورہ لڑکے کی تین دن قبل ہی بہن کی شادی کی تقریب انجام دی گئی تھی ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس زیر نمبر 168/2018 درج کرکے شک کی بنیاد پر ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔معاملے کی نسبت ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پسوال نے کشمیر عظمی کو بتایا ہم نے اس سلسلے میں ایڈیشنل ایس پی فیاض احمد کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے اس میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے سزا دینے کی مانگ کی ۔
شہامہ آلسٹینگ گاندربل میں المناک واقعہ رونما
