سری نگر// جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں جمعہ کے روز لگاتار دوسرے دن بھی جنگجوؤں اور ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف تعزیتی ہڑتال رہی۔ادھر شوپیاں کے درگڑ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جائے تصادم آرائی کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے درگڑ علاقے میں جائے تصادم پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور شوپیاں میں امن وقانون کی بحالی کے لئے بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز کی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز بھی شوپیاں میں جنگجوؤں اور ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف مکمل ہڑتال رہی۔بازاروں میں تمام دکانیں بند رہیں، تجارتی سرگرمیاں معطل اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل مفلوج رہی تاہم ضلع کی بعض سڑکوں پر پرائیویٹ گاڑیوں کو چلتے ہوئے دیکھا گیا۔بتادیں کہ بدھ کے روز شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک نوجوان کی موت جبکہ دیگر کئی زخمی ہوئے تھے۔