شوپیاں میں الیکشن گاڑی پر فائرنگ

شوپیان //  ترکہ وانگام شوپیاں میں گذشتہ رات الیکشن ڈیوٹی پر مامور ایک ایس آر ٹی سی گاڑی پر جنگجوؤں نیفائرنگ کی تاہم معجزاتی طور پر اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترکہ وانگام گاؤں میں رات 9بجکر 20منٹ پرمشتبہ جنگجوؤں نے الیکشن ڈیوٹی پر مامور ایس آر ٹی سی کی ایک گاڑی زیر نمبر JK02K/7314  پر اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گاڑی کو نقصان پہنچا۔ادھر بانہال میں مبینہ کار بم دھماکہ میں ملوث قرار دیئے گئے دانش امین نامی نوجوان کی گرفتاری کے بعد اسکے آبائی گائوں وہیل شوپیان سے مزید دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو سگے بھائی ہیں۔فورسز نے وہیل میں گذشتہ رات چھاپہ مار کر دو بھائیوں کو گرفتار کیا گیا، اس طرح گذشتہ تین دنوں کے دوران گرفتار شدہ نوجوانوں کی تعداد دس ہوگئی ہے۔مقامی لوگوں نے گرفتار شدہ بھائیوں کی شناخت معراج احمد راتھر اور ہارون رشید راتھر پسران بشیر احمد راتھر کے بطور کی۔