شوپیان// منی سیکریٹریٹ شوپیاں میں دفاتر کے اچانک معائنہ کے دوران تقریباً 10 سرکاری ملازمین غیر حاضر پائے گئے۔ شوپیاں کے ضلع مجسٹریٹ سچن کمار ویشیا کی طرف سے مختلف محکموں کے دفاتر کا اچانک معائنہ کیا گیا۔معائنے کے دوران پایا گیا کہ چند دفاتر حاضری اور چھٹی کے رجسٹر کو برقرار نہیں رکھ رہے ہیں۔ اس دوران ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے غیر حاضر ملازمین سے دو دن کے اندر وضاحت طلب کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دفاتر میں وقت کی پابندی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے اچانک معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو افسران/ملازمین اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے اور مقررہ وقت میں تسلی بخش جواب نہ دے سکے ان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے گی۔مجسٹریٹ موصوف نے تمام محکموں کے افسران پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے دفاتر میں وقت کی پابندی کو برقرار رکھیں کیونکہ نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔