کولگام//ریشنگری شوپیان میں منگلوار کی صبح اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب یہاں ایک جلی ہوئی گاڑی سے کولگام کے رہنے والے ایک شہری کی جلی ہوئی نعش پُراسرار حالت میں برآمد ہوئی ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے ایک شہری کی جلی ہوئی لاش منگل کو جنوبی کشمیر کے ہی شوپیان ضلع میں بر آمد ہوئی ہے۔پولیس حکام نے کہا کہ شہنواز احمد شیخ ولد محمد یوسف شیخ ساکنہ دمحال ہانجی پورہ کی لاش شوپیان کے ریشنگری گائوں میں بر آمد ہوئی۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ شہری پیشہ سے ڈرائیور ہے ۔رپورٹس کے مطابق مذکورہ شہری کی نعش زیر نمبر گاڑی JK03B/8862سے برآمد کی گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ گاڑی کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے ۔تاہم فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکا کہ مذکورہ شہری کا قتل کیا گیا ہے یا نہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے قانونی اور طبی لوازمات پُر کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کردیا ۔جونہی مذکورہ شہری کی میت آبائی گائوں پہنچائی گئی ،تو وہاں کہرام اور صف ماتم بچھ گئی ۔