شوپیان معرکہ کے آس پاس فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں دس شہری زخمی

سرینگر/جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہوئی جھڑپوں کے دوران کم سے کم دس شہری زخمی ہوگئے۔

یہ جھڑپیں گدا پورہ، رتنی پورہ گائوں میں اُس جگہ کے آس پاس ہوئیں جہاں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ جاری ہے اور جس کے دوران ابھی تک ایک جنگجوجاں بحق ہوگیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق زخمی شہریوں میں سے نو کو پیلٹ لگے ہیں جبکہ ایک گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔

پولیس نے تاہم شہری کے گولی لگنے سے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق تین زخمیوں کو علاج کیلئے سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شوپیان کے گائوں میں صبح سے مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ چل رہا ہے جن کا آغاز جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ کے ساتھ ہی ہوا۔