سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کل یہاں شکر آچاریہ پہاڑیوں کے اِرد گرد 5.5کلومیٹر کے فارسٹ ٹریک روٹ کا اِفتتاح کیا۔شنکر آچاریہ 360 ڈگری ٹریکنگ ٹریل سری نگر شہر اور آس پاس کے مناظر کا 360 ڈگری منظر پیش کرتا ہے ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ جموںوکشمیر میںٹریکنگ ایک ممکنہ مہم جوئی سیاحت کے طورپر اُبھر رہی ہے اور محکمہ اِس صلاحیت کو برائے کا ر لانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ اِس ٹریل پر بنیادی سہولیات جیسے سگنیجز ، بیٹھنے کے بینچ اور ویو پوائنٹس تیار کئے جائیں تاکہ جمالیاتی احساس اور ماحول کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹریکروں کی سہولیت ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹریکنگ کے راستوں کو صاف ستھرا اور پلاسٹ اور دیگر کوڑا کرکٹ سے پاک رکھنے کا مناسب خیال رکھا جائے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں کو اس مہم جوئی سیاحت کی طرف راغب کرنے کے لئے ٹریکنگ کو مزید دلچسپ بنانے کی کوششیں کی جائیں۔ چیف سیکرٹری کے ہمراہ صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ ( پی سی سی ایف) ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور دیگر اَفسران تھے۔چیف سیکرٹری نے ہوکر سر ویٹ لینڈ کنزرویشن کا بھی دورہ کیا ۔