شمالی کشمیرمیں7امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل

اشرف چراغ +مشتاق الحسن

کپوارہ+ٹنگمرگ//شمالی ضلع کپوارہ میںپیر کو نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی نے لولاب ،کرناہ اور ترہگام سے اپنے نامزدگی فارم جمع کئے ۔این سی کے نامزد امیدواربرائے لولاب قیصر جمشید لون نے اپنے سینکڑ وں حامیو ں کے ہمراہ لولاب میں رٹرنگ افسر سوگام کے دفتر میں اپنے کا غذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر ان کے حامیو ں نے ایک جلوس نکالا اور ان کے حق میں نعرے بلند کئے ۔ ترہگام اسمبلی حلقہ جو ضلع کا ایک نیا اسمبلی حلقہ ہے، کیلئے پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے نامزد امیدوار محمد افضل وانی نے رٹرنگ افسر ترہگام کے دفتر میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کئے ۔محمد افضل وانی کو ان کے آ بائی گائو ں ڈولی پورہ ترہگام سے گا ڑیو ں کے ایک کارواں کے ذریعے ترہگام پہنچایا گیا۔کرناہ اسمبلی حلقہ سے پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے نامزد امیدوار فردوس احمد نے اپنے کا غذات نا منزدگی داخل کئے ۔

 

ان کے ساتھ ان کے حامی بھی موجود تھے ۔ادھرنیشنل کانفرنس کے نامزد امیدوار برائے پٹن جاوید ریاض بیدار نے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی موجودگی میں پٹن اسمبلی حلقہ سے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔اس موقع پر سابق رکن پارلیمان ایڈوکیٹ عبدالرشید شاہین، سینئر لیڈران ڈاکٹر سمیر کول اور اسرار خان بھی موجو دان کے ہمراہ تھے۔اس دوران پی ڈی پی کے انچارج حامد میر ، سابق ٹائون ایریا کمیٹی کے چیئرمین پرتپال سنگھ اور عوامی اتحادپارٹی کے ایڈوائزر طارق رشید بیگ اور کئی سیاسی اورسماجی کارکنوں نے این سی میں شمولیت اختیار کی۔ ادھر گلمرگ حلقہ انتخاب کے رٹیرننگ افسر کے دفتر میں سوموار کو پی ڈی پی کے شبیر احمد میر،عوامی اتحاد پارٹی کے عادل نذیر خان اور ایک آزاد امیدوار عمر فاروق پرے نے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے تھے۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد پی ڈی پی نے ایک روڈ شوکا اہتمام کیا جس میں پی ڈی پی کارکنوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ریلی ٹنگمرگ ڈاک بنگلہ سے چندی لورہ ، ریرم، کنزر، بٹہ پورہ، لال پورہ، دھوبی ون اور چچی لورہ تک نکالی گی۔پی ڈی پی کے نامزد امیدوار شبیر احمد میرنے جگہ جگہ عوام کو اسمبلی الیکشن میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ علاقہ کی ترقی اورسیاحتی شعبے کو فروغ دینے کی خاطر پی ڈی پی کو کامیاب بنائیں۔