نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو پہلی بار شطرنج اولمپیاڈ کی مشعل ریلے کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم مودی اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں شطرنج اولمپیاڈ کے 44ویں ایڈیشن کے لیے مشعل ریلے کو روانہ کریں گے ۔ شطرنج اولمپیاڈ مشعل ریلے اپنے افتتاحی سال میں ملک بھر کے 75 شہروں کا دورہ کرے گی اور پھر میزبان شہر چنئی کے پاس واقع تاریخی مقام مہابلی پورم پہنچے گی۔ آل انڈیا شطرنج فیڈریشن (اے آئی سی ایف) نے جمعہ کو اس مشعل ریلے کا روٹ میپ جاری کیا۔ بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن (ایف آئی ڈی ای) کا خیال ہے کہ شطرنج کی ابتدا ہندوستان میں ہوئی تھی اور اسی وجہ سے اس نے ہندوستان کو عزت دینے کے لیے اولمپک مشعل ریلے طرز کی مشعل ریلے کی روایت شروع کی۔ اس سال کے ایونٹ کے بعد دنیا میں جب بھی کہیں شطرنج اولمپیاڈ کا انعقاد کیا جائے گا تو اس کی لوہندوستان سے نکلے گی اور پھر تمام ممالک کا سفر کرتے ہوئے میزبان ملک کے میزبان شہرمیں پہنچے گی۔ اس سال چونکہ وقت کم تھا، لہٰذا ایف آئی ڈی ای اوراے آئی سی ایف نے مشعل ریلے کو ہندوستان میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور اسی کے تحت 75 شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ پانچ بار کے عالمی چیمپئن وشواناتھن آنند نے جمعہ کی شام نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا، “میں اس تاریخی لمحے کا حصہ بننے کے لیے واقعی بہت پرجوش ہوں۔ میں ہمیشہ اولمپک مشعل ریلے کے تصور سے پرجوش تھا اور اب ہمارے پاس شطرنج میں بھی مشعل ریلے ہے ۔