شطرنج اولمپیاڈ مشعل کی میزبانی کرنا جموں و کشمیر کیلئے فخر کا لمحہ | لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے مشعل پروین تھپسے کو سونپی

یو این آئی
سرینگر //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے کل ایس کے آئی سی سی میں شطرنج کے گرینڈ ماسٹر پروین تھپسے کو شطرنج اولمپیاڈ مشعل سونپی ۔ شطرنج اولمپیاڈ کی پہلی مشعل جسے وزیر اعظم نریندر مودی نے 19 جون کو دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم سے لانچ کیا تھا ، 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ کیلئے تامل ناڈو کے مہابلی پورم میں اختتام پذیر ہونے سے پہلے 40 دنوں میں 75 شہروں کا سفر کرے گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں ہر ایک کیلئے پہلی مرتبہ شطرنج اولمپیاڈ مشعل کی میزبانی کرنا بڑے فخر کا لمحہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک اپنے سفر میں یہ مشعل راہ روشن کرے گی اور لوگوں کو اچھی اسپورٹس مینشپ ، ٹیم ورک ، امن ، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی اقدار کو فروغ دینے کیلئے اکٹھا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج تقریباً ہر ضلع میں شطرنج کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں اور یو ٹی سے چھ نوجوانوں کو 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ دیکھنے اور لیجنڈری گرینڈ ماسٹرز سے رہنمائی لینے کیلئے چنئی بھیجا جا رہا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی نے ملک کو شطرنج کے بہت باصلاحیت کھلاڑی دئیے ہیں جن میں مینل گپتا ، آروشی کوتوال اور سوہم کموترہ شامل ہیں ۔