شراب کی دکان کھولنے کی شدید مخالفت

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کی سیول سوسائٹی نے مینڈھر قصبہ میں شراب کی دکان کھولنے کے عمل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں پہلے سے ہی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد منشیات کی جانب راغب ہو تی جارہی ہے جس کی وجہ سے والدین و سماج کے عام معززین پریشان ہیں تاہم اب مینڈھر قصبہ میں شراب کی دکان کھولنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سیول سوسائٹی مینڈھر بالخصوص مولانا محمد سلطان نقشبندی ،چوہدری میر محمد کے علاوہ ہند و سماج مینڈھر کے اراکین جن میں وکاس بسن ،ستیش شرما ،سیتہ رام ،سنجیو کمار و دیگر ان نے مشترکہ طور پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر مینڈھر میں شراب کی دکان کھولی گئی تو اس کے خطرے ناک نتائج سامنے آئینگے ۔مقررین نے کہاکہ اس سے قبل بھی مینڈھر میں شراب کی دکان کھولنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن اس عمل کو یکسر مسترد کر کے دکان نہیں کھولنے دی گئی تھی لیکن اب ایک مرتبہ پھر سے مذکورہ نوعیت کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں شراب کی دکان نہ کھولی جائے ۔