سرینگر//حضرت سیدنا شیخ بابا دائود رحمۃ اللہ علیہ بتہ مالو کی بے لوث خدمات نے کشمیر یوں کے اندر اثرِ توحید ، شوق اسلام اور جذبۂ خدمت خلق کو اسوقت اجاگر کیا جس وقت سرزمین کشمیر بھید بھائو، نفرتوںاور اسلام دشمنی کی نذر ہوچکی تھی۔ ان باتوں کا اظہار امیر کاروانِ اسلامی غلام رسول حامیؔ نے کل 370 ویں عرس مبارک کی مناسبت سے جمعۃ المبارک کے موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بتہ مالوصاحب رحمۃ اللہ علیہ کے نقشِ قدم پر چل کر آج ہمیں بے راہ روی ، شراب ، منشیات اور ظلم کے خلاف انہی ارادوں کے ساتھ برسر پیکار ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ناسور کی طرح پھیل رہے شراب ، منشیات اور دیگر بدعات کا خاتمہ کر کے ایک بار پھر گلستانِ اولیاء کو پیر وأر بنایا جائے۔ اگرچہ اس وقت کشمیری عوام مشکل ترین حالات سے گذر رہے ہیں اسمیں زیادہ سے زیادہ اتحاد ، اتفاق کے ساتھ اولیاء کاملین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شہری علاقوں میں بھی قصبہ جات اور دیہاتوں کی طرح یوتھ فائونڈیشن کی منشیات مخالف کمیٹیاں تشکیل دے کر جذبۂ انسانیت کے تحت معاشرے کے اندر شراب اور منشیات کی لت کے خاتمے کے لئے اپنی خدمات بروئے کار لائیں۔