سرینگر// نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے شدید گرمی اور مسلسل خشک سالی کی وجہ سے کھیت کھلیانوں کو سیراب کرنے کیلئے پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔انہوںنے انتظامیہ پر ور دیا کہ جنگی بنیادوں پر کسانوں اور کاشت کاروں کو نقصان سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شدید گرمی اور خشک سالی سے پیدا شدہ صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ محکمہ جنگلات کی 16نرسویوں میں لگائے گئے 20لاکھ کے قریب پودوں کیلئے پانی کا انتظام کر پانا محکمہ کیلئے مشکل ہورہاہے اور ایسی صورتحال سے اس بات کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ ایک عام کسان کن مشکلات سے دوچار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کاشت کار اور زمیندار نہایت پریشانی اور مایوسی کے شکا رہوگئے ہیں کیونکہ اُن کو دھان کی کھڑی فصلوں کو ابتداء سے ہی بھر پور آبپاشی سے سہولیات دستیاب نہیں رکھی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں وقت وقت پر آبپاشی نہروں اور کوہلوں کی ڈریجنگ، صفائی اور مرمت ہوا کرتی تھی اور کسانوں کو بھی آبپاشی کی سہولیات آسانی سے میسر رہا کرتی تھی لیکن گذشتہ کئی برسوں میں ایسا کوئی بھی عمل نہیں ہورہا ہے اور آبپاشی کے یہ ذرائع دن بہ دن سکڑتے جارہے ہیں۔