حسین محتشم
پونچھ//شہر خاص سمیت ضلع پونچھ کے طول و ارض میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتیوں کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گرمیوں میں اضافہ ہوتے ہی ضلع پونچھ میں بجلی کی آنکھ مچولی اور غیر اعلانیہ کٹوتی سے عام لوگ پریشان ہو گئے ہیں۔ اس صورتحال پر لوگوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف سخت برہمی کااظہار کیا ہے۔شہر خاص پونچھ کے باشندوں کا کہنا ہے کہ ’’دن بدن بجلی کٹوتی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔‘‘ صارفین کا الزام ہے کہ ’’رواں برس جو بجلی کی صورتحال دیکھی جا رہی ہے گزشتہ دس برسوں میں نہیں دیکھی گئی‘‘۔ایک مقامی شہری نے بتایا کہ پونچھ کے علاقے میں امسال بجلی کی آنکھ مچولی نے عام لوگوں کو سخت پریشان کر رکھا ہے اور بار بار بجلی کی کٹوتی سے عوام کے معمولات شدت سے متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں بتایا کہ پونچھ میں بجلی بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا ہی جا رہا ہے حالانکہ بجلی محکمہ نے یہاں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر عمل کرنے میں محکمہ ناکام ہے، جس سے عوامی سطح پر زبردست ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’اگر محکمہ بجلی نے برقی رو میں معقولیت نہیں لائی تو پونچھ کے لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جسکی تمام تر زمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔عوام نےلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مطالبہ کیا کہ وہ سرحدی ضلع پونچھ میں بجلی کے بڑھتے کرایہ پر قدغن لگائیں اور محکمہ کے درہم برہم نظام کو درست کروائیں اور شدت کی اس گرمی میں بجلی کی معقول فراہمی کو یقینی بنائیں۔