سرینگر//شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں پولیس نے20ایسے افراد کو گرفتار کرلیا جو کورونا وائرس کی بحرانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عائد امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کے نسبل گاﺅں میں گذشتہ شب لوگوں کے ایک گروہ نے شب برات کے سلسلے میں مقامی مسجد میں جمع ہوکر دفعہ188آئی پی ایل کی خلاف ورزی کی تھی۔یہ لوگ انتظامیہ کی طرف سے عائد پابندی کے باوجود مقامی مسجد میں جمع ہوئے تھے۔
مذکورہ ذرائع نے ایسے دو درجن سے زیادہ افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کیخلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے انتظامیہ نے لوگوں کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کررکھی ہے، یہاں تک کہ علمائے کرام نے بھی مساجد میں اجتماعی نمازوں کی ادائیگی سے اجتناب کی اپیل کر رکھی ہے۔