شبیر شاہ کی زندگی عملاً خطرے میں:صلاح الدین

 مظفر آباد//حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کو نسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ علیل حریت رہنماشبیر احمد شاہ سمیت محبوس کشمیری قائدین اور کارکنوں کی زندگیاں جان بوجھ کر خطرے میں ڈالی جارہی ہیں ۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔موصولہ بیان کے مطابق صلاح الدین حزب کمانڈ کو نسل کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجودشبیر احمد شاہ کو ہسپتال سے بغیر علاج کئے تہاڑ جیل منتقل کردیا گیاجبکہ صفدر جنگ ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی واضح کیا تھا کہ شبیر احمد شاہ کی حالت تسلی بخش نہیں ہے بلکہ انہیں فوری سرجری کی ضرورت ہے ۔ صلاح الدین نے کہا کہ حکومت ہند اور تہاڑ جیل انتظامیہ کی اس انتقام گیری کے نتیجے میں شبیر احمد شاہ کی زندگی عملاً خطرے میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تہاڑ جیل میں محبوس نعیم احمد خان ،پیر سیف اللہ ،الطاف احمد شاہ ،راجہ معراج الدین ،ایازاکبر،شاہد الاسلام ،فاروق احمد ڈار اور دیگر محبوسین کی صحت بھی کافی خراب ہے لیکن جیل انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ جان بوجھ کر کشمیری قائدین کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے ۔جہاد کو نسل سربراہ نے کہا کہ معروف حریت رہنما مسرت عالم بٹ کو 36ویں بار اور آسیہ اندرابی اور دیگر محبوسین پر بار بار سیفٹی ایکٹ لگاکر بھارتی حکومت اپنے جنونی ہونے کا برملا اظہار کررہی ہے ۔ صلاح الدین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ان معالات کا نوٹس لیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر کشمیری قیادت کو کوئی گزند پہنچی تو اس کے نتائج نہایت سنگین نکلیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوگی۔