جموں//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں وکشمیرمیں کووِڈ۔19کے پھیلائو کے پیش نظر شبانہ کرفیو کا نفاذ عمل میں لانے کیلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے صحت عامہ کے ردِّعمل کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔اُنہوں نے محکمہ صحت و طبی تعلیم سے کہا کہ وہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹوں میں متناسب اضافے کے ساتھ روزانہ 2لاکھ کے ہدف تک پہنچنے کے لئے ٹیسٹنگ کو بڑھائے۔ محکمہ سے کہا گیا کہ وہ طبی سہولیات میں اِضافہ اور انفیکشن رپورٹ شدہ معاملات میں کسی بھی اضافے کو پورا کرنے کے لیے تیاری کرے۔محکمہ کو طبی سازو سامان کا ذخیرہ کرنے اور تمام آلات ، مشینری اور بنیادی ڈھانچے کو تیاری کی حالت میں رکھنے کے لئے کہا گیا ہے۔چیف سیکریٹری نے کووِڈ مناسب طرز عمل (سی اے بی ) کو فروغ دینے کی ضرورت کا اعادہ کیا جس میں ماسک پہننا ، سماجی دوری ، بھیڑنہ کرنا شامل ہیں۔اُنہوں نے عوام الناس میں کووِڈ ایس او پیز اور پروٹوکول نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ طے شدہ رہنما خطوط پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔رات دیر گئے چیف سکریٹری کی جانب سے شبانہ کرفیوکے احکامات صادر کئے گئے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جو رات 9بجے سے صبح 6بجے تک ہوگا۔