عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر میں خشک اور سرد موسم کے درمیان، گلمرگ میں اتوار کو درجہ حرارت منفی 3.6 تک گرنے کے ساتھ موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔پہلگام کا سیاحتی مقام دوسرا سرد ترین مقام رہا جہاں کم از کم درجہ حرارت منفی 2.4 تک گر گیا ۔سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.4 تھا۔ قاضی گنڈ میں 1.2 سینٹی گریڈ، کپواڑہ میں 1.2 اور کوکرناگ میں 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔تاہم، گزشتہ روز سرینگر میںدن کا درجہ حرارت 13.3 ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ادھر شوپیان ضلع کو جموں ڈویژن کے جڑواں اضلاع پونچھ اور راجوری سے ملانے والی مغل روڈ حالیہ برف باری کے باعث 3 دن کی بندش کے بعد دوبارہ کھل گیا۔30 نومبر کو پیر کی گلی سمیت سڑک کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر برف باری کی وجہ سے راستہ بند کر دیا گیا تھا۔ڈی ٹی آئی مغل روڈ کپل منہاس نے تصدیق کی کہ شوپیاں سرے کی طرف ٹریفک کو کھول دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فی الحال 10دسمبر تک کوئی بڑی موسمیاتی تبدیلی واقع نہیں ہوگی البتہ آسمان ابر آلود رہ سکتا ہے یا جزوی طور بادل چھائے رہیں گے۔