سری نگر//جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں تین بندوق برداروں نے ایک پٹرول پمپ سے 1.59لاکھ روپے لوٹ لئے جبکہ چوروں نے سری نگر کے علاقے خانیار میں حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے مزار پر عطیہ باکس کو توڑ کر نقدی رقم اڑا لی۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ 3پستول بردار افراد نے جنوبی شوپیاں ضلع کے حرمین میں ایک فلنگ اسٹیشن سے رات کے اوقات میں 159021کی نقدی زبردستی چھین لی۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ تھانے میں شکایت درج کرنے کے بعد ایک کیس درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
دریں اثنا، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چوروں نے سید عبدالقادر جیلانی کے مزار پر موجود عطیہ باکس کو توڑا، جسے دستگیر صاحبؒ کے نام سے جانا جاتا ہے اور لوگوں کی طرف سے دی گئی نامعلوم رقم لے کر فرار ہو گئے۔
ایک پولیس افسر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے جی این ایس کو بتایا کہ ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔