سرینگر//’’ پوری وادی میں شدیدسردی کی لہر‘‘کے بیچ دوران شب سری نگرمیں درجہ حرارت منفی6.1ڈگری سیلشیس ریکارڈکیاگیاجبکہ گلمرگ اورپہلگام میں دوران شب پار نقطہ انجمادسے بالترتیب 10.6اور8.1ڈگری سیلشیس نیچے رہا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے مزیدکئی روزتک پیرپنچال کے آرپارموسمی صورتحال خشک رہنے کاامکان ظاہرکرتے ہوئے پھر کہاکہ 12جنوری تک بارشوں یابرف باری کاامکان نہیں ہے۔کشمیرنیوزسروس کے مطابق کشمیروادی ،خطہ پیرپنچال اورخطہ چناب سمیت پورے جموں صوبہ میں خشک موسمی صورتحال اورمطلع صاف رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں گرائوٹ کاسلسلہ جاری ہے ۔سرینگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی دفترکے ترجمان نے بتایاکہ اتواراورسوموارکی درمیانی شب شہرسرینگراورجموں شہرمیںشدیدسردی کی لہرجاری رہی کیونکہ ان دوشہروں میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی6.1ڈگری اور4.3ڈگری سیلشیس ریکارڈکیاگیا۔پیرپنچال کے آرپاردیگرکئی مقامات پرریکارڈکئے گئے شبانہ درجہ حرارت کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایاکہ سیاحتی مقامات گلمرگ اورپہلگام میں دوران شب پار نقطہ انجمادسے بالترتیب 10.6اور8.1ڈگری سیلشیس نیچے ریکارڈکیاگیاجبکہ شمال وجنوب کشمیروادی کے بیشترعلاقوں بشمول کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی5.5،ککرناگ میں منفی4.2اورقاضی گنڈمیں درجہ حرارت منفی5.8ڈگری سلیشیس رہا۔انہوں نے مزیدبتایاکہ کٹرہ میں شبانہ درجہ حرارت 5ڈگری ،بٹوٹ میں1.6،بانہال میں0.6،بھدرواہ میں منفی0.8اوراودھم پورمیں رات کادرجہ حرارت 3ڈگری سلیشیس ریکارڈکیاگیا۔اس دوران معلوم ہواکہ رات کے وقت پارہ نقطہ انجمادسے کافی نیچے رہنے کے باعث سرینگرمیں واقع مشہورزمانہ جھیل ڈل اوروادی کے دیگرکئی علاقوں میںموجودآبی ذخائرکے کنارے اورگھرگھرپانی کی سپلائی کیلئے زیرزمین نصب نل بھی منجمدہوگئے ۔غورطلب ہے کہ ماہ دسمبر2017کی21ویں تاریخ کوشروع ہوئے40روزپرمحیط چلہ کلان کے 17دن عمومی طورخشک رہے ہیں جبکہ چلہ کلان بھاری برف باری اورشدیدسردی کیلئے جاناجاتاہے ،اور31جنوری2018تک چلہ کلان جاری رہے گاتاہم اسکے بعدبھی30روزتک بھاری برف باری ہونے اورشدیدسردی کاسلسلہ جاری رہنے کاامکان باقی رہتاہے ۔اس دوران سنیچراوراتوارکی درمیانی رات بھرکی شدیدسردی کے برعکس اتوارکوٹنل کے آرپاربیشترعلاقوں میں پورے دن کھلتی دھوپ نے درجہ حرارت میں بہتری لائی ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے مزیدکئی روزتک پیرپنچال کے آرپارموسمی صورتحال خشک رہنے کاامکان ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ 12جنوری تک بارشوں یابرف باری کاامکان نہیں ہے۔ اُدھرنئی دہلی میں گہری دُھنداورکم روشنی کے باعث کم از کم50 ریل گاڑیاں تاخیر سے چل رہی ہیں۔