سرینگر//وادی بھر میں شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل کمی کے بیچ اتوار اورپیر کی درمیانی رات، لیہہ، کرگل ،گلمرگ اور پہلگام میں رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جس کے دوران چاروں مقامات پرکم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے چلا گیا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ مزید کچھ دنوں تک موسم خشک رہنے اور رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔کشمیر میڈیا نیٹ ورک کے مطابق وادی کے شمال و جنوب میں کچھ روز تک بارشوں اور بالائی علاقوں میںبرفباری کے بعد موسم ایک مرتبہ پھر خشک ہے اور دن میں دھوپ جبکہ راتوں میں سردی کی لہر میں ہر گذرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ اگر چہ دن میں دھوپ نظر آتی ہے تاہم رات کا درجہ حرارت مسلسل کم ہورہا ہے جس کے نتیجے میں رات کے دوران اہل وادی کو شدید سردیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ وادی کے میدانی علاقوں میں بھی شبانہ درجہ حرارت میں کمی واقع ہورہی ہے اور19و20نومبر کی درمیانی رات ریاست کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 0.3ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب سے قریب دو ڈگری کم ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اورپیر کی درمیانی رات لداخ کا لیہہ قصبہ وادی کا سرد ترین علاقہ رہا جہاں اس رات کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی6.7ڈگری سیلشیس رہا جبکہ لداخ کے ہی کرگل قصبے میںرات کا درجہ حرارت منفی6.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا اور یہ اس علاقے میں بھی رواں موسم کی سرد ترین رات تھی۔علاقہ کے لوگ سخت شبانہ سردیوں سے ٹھٹھر رہے ہیں اور سردیوں میں مزید اضافے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کے ایم این کو بتایا کہ گذشتہ رات جنوبی کشمیر کے صحت افزاء مقام پہلگام میں رواں موسم کی سرد ترین رات ثابت ہوئی اور کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے2.5ڈگری نیچے چلا گیا۔ شمالی کشمیر کے شہرہ آفاق گلمرگ میںرات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.2ڈگری سیلشیس اور جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں 2.4جبکہ کوکر ناگ میں1.9ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔کپوارہ کا شبانہ درجہ حرارت منفی2.4رہا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے مزید کچھ دنوں میں وادی میںرات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ہے کیونکہ ان دنوں مطلع عمومی طور پر صاف رہے گا۔محکمے کے مطابق آئندہ چار دنوں تک وادی میں کسی بھی جگہ بارشوں یا برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے اور وادی کے ساتھ ساتھ لداخ میں بھی دوران شب آسمان صاف رہے گاجس کے نتیجے میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگی۔