شاہ ہمدان کالونی زکورہ سے ملہ باغ سڑک خستہ حالت میں

سرینگر//شاہ ہمدان کالونی زکورہ سے ملہ باغ سڑک کی خستہ حالی کے نتیجے میں مسافر وں کوزبردست پریشانی کا سامنا ہے جبکہ سڑک کے کناروں پر گندگی کے ڈھیر جمع ہونے سے بدبو بھی پھیل رہی ہے ۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ سڑک پر جگہ جگہ کھڈے پیدا ہوئے ہیں اور اُن کی مرمت اور سڑک پر تارکول بچھانے میں محکمہ آر اینڈ بی کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہا ہے ۔ مقامی آبادی کے مطابق سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کو اس کی خستہ حالی کے نتیجے میں نقصان ہو رہا ہے جبکہ سکولی بچوں کو بھی آمد ورفت کے دوران ذہنی کوفت کا سامنا ہے ۔امتیاز نامی ایک مقامی شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں ڈرنیج سسٹم کی عدم دستیابی کے نتیجے میں گندے پانی کی نکاسی بھی نہیں ہو رہی ہے اور بارشوں کے دوران سڑک تالاب میں تبدیل ہو جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے ایک سال قبل اُن سے وعدہ کیا تھا کہ سڑک کی مرمت کے ساتھ ساتھ یہاں ڈرنیج سسٹم بھی ٹھیک کیا جائے گا لیکن ایک سال سے لوگ انتظار میں ہیں مگر مانگ پوری نہیں ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوںحکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی مرمت کے ساتھ ساتھ کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔