فیاض بخاری
بارہمولہ // شاہ ہمدان کالونی اولڈ ٹاؤن بارہمولہ کے لوگوں نے اتوار کوپینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کی انہیں پانی کی شدید قلت کاسامناہے، جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں بھی زبردست مشکلات پیش آرہی ہیں۔احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ علاقے میں پینے کے پانی کو لے کر ہا ہا کار مچی ہوئی ہے جس سے وہ پریشانی کا شکار رہتے ہیں اور سحری اور افطاری کے وقت انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے تمام نل سوکھ گئے ہیں جس کے نتیجے میں وہ ندی نالوں کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔تاہم محکمہ جل شکتی کے ملازمین اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو محکمہ جل شکتی کے نوٹس میں لانے کے باوجود بھی حل نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اس معاملے میں ضلع انتظامیہ سے فور طور پر مداخلت کی اپیل کی۔