شاہ فیصل کی عوامی رابطہ مہم جاری

کپوار//سابق بیوروکریٹ اور جموںکشمیر پیپلز مومنٹ کے صدر ڈاکٹر شاہ فیصل نے عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ اپنے آبائی ضلع کپوارہ سے شروع کرتے ہوئے یہاں عوامی وفود کے ساتھ ملاقاتیں کرتے ہوئے انکی شکایات، مطالبات اور مسائل سے آگہی حاصل کی۔ پارٹی کے ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ آج کی رابطہ مہم سلسلے کی پہلی کڑی ہے جس دوران جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے سرحدی ضلع کپوارہ کے کئی گائوں اور دیہات کا دورہ کرکے یہاں کئی عوامی وفود کے ساتھ مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران بمہامہ، دودون، ناگ سرائے، مدمدو، تھائین، ہائیہامہ، ہائیہامہ (ب)، مرناگ، مین کپوارہ، ڈونیور، واورہ، ژھی پورہ، ژھایون اور مدن پورہ سے کئی لوگوں نے آکر پیپلز مومنٹ کے صدر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مقامی سطح پر پیدا شدہ مسائل اور مشکلات سے واقف کرایا۔انہوں نے بتایا کہ وفد میں پیپلز مومنٹ صدر ڈاکٹر شاہ فیصل، چسفیدہ شاہ، مبشر شاہ، ڈاکٹر مصطفی، پیرزادہ فیروز، ضمیر احمد شاہ، اقبال راتھر، فیروز وانی، ارشد نذیر پرے کے علاوہ دیگر پارٹی کارکنان شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران یہاں لوگوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ پیپلز مومنٹ خالص لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ دیرینہ حل طلب مسئلہ کشمیر کا دیر پا حل تلاش کرنے اور دونوں ممالک ہندوستان اور پاکستان کو فوجی ذرائع کے بجائے عوام دوست اور متبادل راستہ فراہم کرے گی۔ترجمان نے بتایا کہ پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی عوامی رابطہ مہم کا بنیادی مقصد ریاست میں سیاسی سطح پر ایک انقلاب بپا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہ فیصل کی قیادت میں پیپلز مومنٹ کی ٹیم ریاست کے ہر دور دراز علاقے اور گائوں میں پہنچے گی تاکہ لوگوں کی ترقی، فلاح و بہبود اور سیاسی مستقبل کے لیے ایک راہ فراہم کرسکے۔