شاہین نے بانہال میں بجلی بحران پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا

 بانہال//نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور ضلع رام بن میر سجاد شاہین نے بانہال اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بجلی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی نے ضلع رام بن بشمول گول بالخصوص بانہال حلقہ میں لوگوں کی پریشانیوں کو بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ضلع میں بجلی کی کٹوتی بے ترتیب ہے اور محکمہ بجلی اپنے مقررہ شیڈول کو نافذ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ میٹر والے علاقوں میں بھی لوگ کئی دن تک بجلی کے بغیر جانے پر مجبور ہیں جبکہ پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں بجلی کا بحران بدتر ہے جہاں لوگ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بے یارومددگار ہیں۔شاہین نے اپنے دن بھر کے دورے کے دوران بانہال کے مختلف دیہاتوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعدد لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے متعلقہ گاؤں میں حالیہ برف باری کے بعد ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ حالیہ برف باری متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام کو جنگی بنیادوں پر تیز کیا جائے اور تمام متاثرہ دیہاتوں بالخصوص دور دراز علاقوں میں یوٹیلٹی سروسز بحال کی جائیں۔