شاہراہ پر ٹرالر کو حادثہ،ڈرائیور لقمۂ اجل

محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بدھ کی صبح ضلع رام بن کے خونی نالہ علاقے میں جموں سے سرینگر کی طرف آنے والا ایک ٹرالر ٹرک شاہراہ سے لڑھک کر کم از کم چار سو فٹ گہری کھائی میں گرا جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔ اس ٹرالر ٹرک میں لوہے کے بجلی کے کھمبے لدھے ہوئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ بدھ کی صبح پانچ بجے کے قریب ٹرالر  نمبر/3434 PB-10 HL کے حادثے کی خبر ملتے ہی رام بن پولیس اور ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکار جائے حادثہ پر پہنچے اور سخت مشقت کے بعد خونی نالہ کی گہری کھائی سے ڈرائیور کی لاش برآمد کی گئی۔مہلوک ڈرائیور کی شناخت کلوندر سنگھ ولد سنتنام سنگھ ساکن موہولیا شاہجان پور اتر پردیش کے بطور ہوئی۔