محمد تسکین
بانہال // 270 کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ڈھلواس کا علاقہ ہزاروں مسافروں اور ٹریفک حکام کیلئے مسلسل درد سر بنا ہوا ہے اور پچھلے دس روز سے ڈھلواس کے مقام سڑک کی ابتر صورتحال کی وجہ سے گھنٹوں کے حساب سے ٹریفک کا متاثر رہنا اور ٹریفک جام لگنا معمول بنا ہوا ہے۔منگل کے روز جموں سے معمول کے ٹریفک کو وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت تھی لیکن گذشتہ تین روز کی طرح منگل کے روز بھی مٹی ، گارا اور کیچڑوں پر مشتمل ڈھلواس کی دھنستی پسی میں گاڑیاں پھنستی رہیں اور ٹریفک کو چلائے رکھنے کیلئے یہاں وقفے وقفے سے مرمت کا کام بھی کیا گیا۔ ٹریفک روک کر مرمتی کام کئے جانے کی وجہ سے ناشری ٹنل کے آر پار چیینی اور رام بن کے درمیان سینکڑوں کی تعداد میں ٹریفک قطاروں میں لگ گیا ہے اور کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام لگا رہا اور بعد میں دوپہر ایک بجے بعد سے ٹریفک کو سست رفتار میں بحال کیا گیا اور ٹریفک چلنے کا یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ڈھلواس کے مقام پر سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور ڈھلواس سمیت شاہراہ کے کئی مقامات پر سڑک کی سطح اور حالت خراب ہے جس کی وجہ سے چیینی اور رام بن کے درمیان گاڑیوں کی رفتار سست ہے۔ انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لین ڈرائیونگ کے نظام پر عمل کریں اور اوور ٹیکنگ سے اجتناب کریں ۔