شاہراہ پابندی پر نیشنل کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ

بانہال //نیشنل کانفرنس نے شاہراہ کو ہفتے کے دو دن سیول ٹریفک کیلئے بند رکھنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اوراس فیصلے کو عوام دشمن قرار دیا۔پارٹی کے ضلع صدر سجاد شاہین کی قیادت میں کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ یہ انسانی حقوق کی صریحاًخلاف ورزی ہے کہ سیول ٹریفک کیلئے روڈ کو بند رکھاجارہاہے ۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقعہ پر سجاد شاہین نے کہاکہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں یہ ایسا پہلا فیصلہ ہے جس نے ریاست کو اندھیرے میں دھکیل دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ شاہراہ پر کئی قصبے ، گائوں اور علاقے ہیں جہاں کے لوگوں کو سخت مشکلات کاسامناہے ۔ انہوںنے کہاکہ نہ جانے کیا سوچ کر یہ فیصلہ لیاگیاہے اور لوگوںکارابطہ کاٹ کر انہیں پشت بہ دیوار کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔انہوںنے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیاکہ وہ فوری طور پر اس فیصلے پر نظر ثانی کریں اور عوام کیلئے پریشانی کا باعث بننے والے اس حکمنامہ کو واپس لیاجائے ۔اس دوران فیصلے کو واپس لینے کے نعرے بلند کئے گئے ۔