بانہال // شدید بارشوں اور برفباری کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے درمیان تازہ پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی ٹریفک کیلئے بند رہی تاہم جواہر ٹنل کے دونوں طرف برف ہٹا کرشاہراہ کوبحال کیا گیا ۔رام بن کے علاقے میں شدید بارشوں کی وجہ سے جمعرات کی شام اور جمعہ کے روز بیٹری چشمہ ، انوکھی فال اور ڈگڈول کے علاقوں میں تازہ پسیاں گر آئیں جبکہ پنتھیال سمیت شاہراہ پر شیر بی بی اور رام بن کے درمیان لگ بھگ ایک درجن مقامات گرتے پتھروں کی زد میں تھے ۔ جمعہ کو انوکھی فال اور بیٹری چشمہ کے مقامات پرگرتے پتھروں کی زد میں آنے سے تعمیراتی کمپنی کے ایک آپریٹرسمیت دوافراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی شناخت سنجے داس اور پرمود کمار ولد مْنا رام ساکن جے پور راجستھان کے طور کی گئی ۔ اس دوران بانہال اور وادی کشمیر کے درمیان سڑک سے برف صاف کرکے اسے قابل آمدورفت بنایا گیا اور بانہال اور نوگام کے مسافر خانوں میں درماندہ درجنوں مسافروں کو وادی کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔ درماندہ مسافروں کیلئے نوگام کے مقامی لوگوں اور بانہال کے رضاکاروں نیز انتظامیہ کی طرف سے کھانے پینے کا انتظام کیا گیا تھا۔ جمعہ کی شام دیر گئے شاہراہ کی تازہ صورتحال جاننے کیلئے بات کرنے پر ڈی ایس پی ٹریفک رام بن سریش شرما نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی دوپہرسے موسم میں آئی بہتری کے بعد شاہراہ کی بحالی کے کام میں تیزی آئی اور بیٹری چشمہ ، انوکھی فال ، ڈگڈول اور پنتھیال کے مقامات پرشاہراہ پر گر آئی پسیوں کو صاف کرنے کا عمل جمعہ کی شام دیر تک جاری تھا تاہم اس دوران پتھر بھی گر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھاری پسیوں اور گرتے پتھروں کی وجہ سے بند پڑی شاہراہ پرجمعہ کی شام دیر تک ٹریفک کی بحالی کے امکانات نہیں تھے۔
شاہراہ بدستور بند، بانہال سے قاضی گنڈ تک ٹریفک بحال
