شاہدرہ بیوپارمنڈل نے بھی ہڑتال کی

تھنہ منڈی/ گزشتہ روز بیو پارمنڈل شاہدرہ شریف نے 35 اے کے تحفظ میں پر امن ہڑتال کی۔اس دوران بیوپارمنڈل نے مرکزی سرکار کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس دفعہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تو اسکے سنگین نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 35A کے  تحت ریاست جموں کشمیر کو خصوصی پوزیشن حاصل ہے۔ا س دفعہ کے تحفظ کے لئے بیوپارمنڈل شاہدرہ شریف پر امن طور پر بند رہاجبکہ گاڑیوں کی نقل حرکت بھی بند رہی، اس دوران بیو پارمنڈل کی قیادت کررہے طاہر خورشید کا کہنا ہے کہ اگر دفعہ 35A کو کالعدم کرنے کی کوشش کی گئی تو اسکے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست جموں کشمیر میں ڈوگرہ خاندان کے عہد میں نافذہوئی اس دفعہ کو ختم کر کے ہندتوا کے ایجنڈہ کو لاگو کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحفظ میں ریاست کا بچہ بچہ اور عورتیں،مرد سڑکوں پر اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی عوام ایسا کبھی نہ ہونے دے گی۔واضح رہے کہ دفعہ 35 اے کامعاملہ عدالت عظمیٰ میں چل رہاہے اوراس کی سنوائی 25 فروری کوہوناتھی لیکن فی الحال اسے موخرکردیاگیاہے۔