اشرف چراغ
کپوارہ// ضلع کپوارہ میں جھاڑے کا موسم شروع ہوتے ہیں صبح و شام سڑکو ں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہتا ہے جس کی وجہ سے مسافرو ں کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔ضلع کے دور دراز علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ضلع میں اگرچہ ٹرانسپورٹ کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم مسافر گا ڑیو ں کی من مانی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق چلتے ہیں ۔ضلع کے لولاب ،کرالہ پورہ ،رامحال،ماور ،چوکی بل ،ترہگام اور متعدد علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگو ں کا کہنا ہے کہ گرمیو ں میں انہیں کسی بھی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے تاہم اکتوبر کا مہینہ شروع ہونے کے ساتھ ہی ان علاقوں میں مسافر گا ڑیو ں کی بڑے پیمانے پر قلت ہوتی ہے اور یہ صرف عام لوگو ں کو مسئلہ نہیں ہے بلکہ ہسپتالو ں اور ڈاکٹرو ں سے دیر سے نکلنے والے مریضوں کا بھی مسئلہ ہے جبکہ سرینگر اور دوسرے علاقوں سے آنے والے ملازمین اور دیگر کاروباری لوگو ں کو بھی اپنے اپنے گھرو ں کو پہنچنے کے لئے مسافر گا ڑیا ں دستیاب نہیں ہوتی ہیں ۔کئی مریضوں کا کہنا ہے کہ کئی روز قبل وہ ضروری تشخیص کے لئے ڈاکٹروں کے پاس کپوارہ گئے جہا ں انہیں کافی دیر ہوئی اور شام کے بعد انہیں گھر پہنچنے کے لئے کوئی بھی مسافر گا ڑی دستیاب نہیں تھی بلکہ کپوارہ کے ریگی پورہ اور جنرل بس اڈے خالی پڑے تھے ۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں گھر پہنچنے کے لئے گا ڑی بک کرنا پڑی جس کے لئے زیادہ کرایہ بھی ادا کرنا پڑا ۔اس دوران سکولو ں سے چھٹی ملنے کے بعد جو طلبہ کو چنگ سنٹروں میں اپنی تعلیم حاصل کرنے کے لئے جاتے ہیں کا کہنا ہے کہ اکتوبر کا مہینہ شروع ہونے کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہوگیا جس کی وجہ سے انہیں اپنے اپنے گھرو ں کو پہنچنے میں دقتو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور والدین کو اس وجہ سے سخت تشویش کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ضلع کے ان دور دراز علاقوں کے لوگو ں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مایوسی کا سامنا ہے ۔مقامی لوگو ں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔