شام ہوتے ہی شہر میں مسافر گاڑیاں غائب

 سرینگر// سرینگر میں بے ہنگم اورناقص ٹریفک نظام کے باعث لوگوں کو شدید مصائب ومشکلات کا سامنا کرناپڑرہا جبکہ کسی بھی قصبے اور ضلع صدر مقامات  پر چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کیلئے سٹینڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث مسافروں کو شدید عذاب سے گزرنا پڑ رہا ہے ۔ سورج غروب ہونے سے پہلے ہی سرینگرکی سڑکوں سے مسافر بردار گاڑیاں گدھے کے سر کے سینگ کی طرح غائب ہو جاتی ہیں اور دور دراز علاقے کے مسافروں کو شدید مشکلات سے دوچار ہوناپڑتا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ سرینگر کے کئی روٹوں،جن میں بٹہ وارہ،پانتہ چھوک،بائی پاس،پانپور،کنی پورہ،کنی ہامہ اور دیگر علاقے شامل ہیں،شام ہوتے ہی گاڑیاں غائب ہوجاتی ہیں،اور مسافروں کو دربدر  پھرنا پڑتا ہے۔طلاب اور ملازمین کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور نتیجے کے طور پر انہیں آٹو یا دیگر نجی گاڑیوں کے رحم و کرم پر اکتفا کرنا پڑتا ہے۔