شاعر مشرق علامہ اقبال ؒکا82واں یوم وصال

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ سرمحمد اقبالؒ کا کلام صرف برصغیر کیلئے ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کیلئے انمول، لافانی اور نادر سرمایہ ہے۔اُنہوں نے کہاکہ ڈاکٹر سر محمد اقبالؒ کا پیغام خدا اعتمادی اور خود اعتمادی پر مبنی ہے۔ آپ کے کلام میں انسان دوستی، باہمی رواداری، انسانیت کی بقا ء اور انسانی قدروں کی صحیح عکاسی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ اخوت اور محبت کے چراغوں کو روشن کرنے کا پیغام دیتے ہوئے اصل میں انسان کو بیکران بناکر اسے زندگی کا بڑا مقصد حاصل کرنے کا درس دیتے ہیں۔ علامہ اقبال ہمیشہ اپنے معاشرے کی ترقی کیلئے کوشان رہے، جو رہتی دنیا تک ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ،کہ وادی کشمیر کو ساری دنیا میں اِس لئے بھی ایک خاص مقام حاصل ہے کیونکہ مرحوم شاعر مشرق کا تعلق بھی وادی گلپوش سے ہی رہا ہے۔پارٹی نائب صدر عمر عبداللہ نے شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے یوم وصال پر اُنہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ،کہ برصغیر کے اِس بلند پایہ شاعر فلسفی اور داناے راز کا کلام عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مرحوم کا کلام جذبہ حب الوطنی سے لبریز ہے۔ اُنہوں نے کہا ،کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ جب بھی خطاب کرتے تھے تو تلاوت کلام پاک کے بعد مرحوم شاعر مشرق کے کلام سے ہی تقریر کا آغاز کرتے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال ؒ بھی ان کے قدردان تھے اور ملک کشمیر کے عظیم لیڈر کیلئے انہوں نے کہا تھا کہ ’’شیخ محمد عبداللہ نے کشمیریوں کے دل سے ظالم کا خوف دور کیا۔ وہ ایک نڈر رہنما ہے۔‘‘عمر عبداللہ نے کہا ،کہ شاعر مشرق کا کلام ہمارے لئے ایک انمول اور نادر تحفہ ہے۔