سی آر پی ایف اہلکار کا سخت ترین اقدام | اہلیہ کوہلاک کرنے کے بعد خود کو بھی گولی ماردی

جموں//ایک دلخراش واقعہ میں جموں ضلع کے گھروٹا علاقے میں آپسی ناخوشگوار تعلقات کی وجہ سے سی آر پی ایف کے ایک اہلکار نے اپنی اہلیہ کو گولی مار کر خود کوبھی ہلاک کردیا۔اس واقعہ میں اسکی اہلیہ کی بہن اور اور اسکی بیٹی زخمی ہوئیں۔ایس ڈی پی او اکھنور اجے شرما نے بتایا کہ 166بٹالین سے وابستہ سی آر پی ایف اہلکارمدن سنگھ چب جو ڈی آئی جی سی آر پی ایف کے ساتھ بطور پرسنل سیکورٹی آفیسر (پی ایس او) تعینات تھااوروہ بن تالاب میں گروپ سنٹر سے منسلک تھا،نے اپنی اہلیہ کو ہلاک کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کردیا۔ انہوں نے بتایا’’اس جوڑے کے آپسی تعلقات ناخوشگوار تھے اور اختلافات کے سبب اس کی اہلیہ اپنی بہن کے گھر چلی گئی‘‘۔پولیس افسر نے بتایا’’سی آر پی ایف اہلکار سول کپڑوں میں ایک کے رائفل کے ساتھ بہن کے گھر گیا اور اس نے اپنی اہلیہ دیپتی رانی کو گولی مار کر ہلاک کردیا، جب اس کی نسبتی بہن نے اپنی بہن کی جان بچانے کی کوشش کی تو مذکورہ اہلکار نے اس پر بھی فائرنگ کردی ، اس واقعہ میں وہ بھی زخمی ہوئی‘‘۔انہوں نے بتایا کہ سی آر پی ایف اہلکار نے بھی اے کے رائفل سے خود پر فائر کیا اور موقعہ پر ہی دم توڑ گیا۔ ایس ڈی پی او نے بتایا’’افسوسناک بات یہ ہے کہ اس سارے واقعہ کی شاہد ان کی آٹھ سالہ بیٹی ہے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے اور اس سلسلے میں تفتیش کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ادھربانڈی پورہ کے پری بل علاقے کے 27آر آر فوجی کیمپ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گئی جب فوجی اہلکار اپنے ہی بندو ق سے نکلی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ۔ گولی لگنے کے بعد فوجی اہلکار کو علاج و معالجہ کیلئے سرینگر کے فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔