غلام محمد
سوپور// شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور کے بٹ پورہ علاقے میں بدھ کو سی آر پی ایف کی 179 بٹالین کی طرف سے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔کیمپ کا افتتاح بٹالین کے کمانڈنٹ رابیش کمار سنگھ نے کیا۔ کیمپ کے دوران دیگر افسران اور مقامی نامور شخصیات موجود تھیں۔کیمپ کے دوران سی آر پی ایف اور سول ڈاکٹروں کی طرف سے علاقے کے 350 مریضوں میں مفت طبی چیک اپ، مشاورت اور مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمانڈنٹ رابیش کمار نے کہا کہ اس سے قبل 179 بلین سی آر پی ایف نے قصبہ سوپور میں بہت سے شہری ایکشن پروگرام منعقد کیے ہیں اور سوپور کے مختلف حصوں بشمول ودورہ کے ضرورت مند اور غریب خاندانوں میں مفت سینی ٹائزر، ماسک، قوت مدافعت بڑھانے والے فوڈ سپلیمنٹس وغیرہ تقسیم کیے ۔ انہوں نے مقامی عوام کو یہ بھی یقین دلایا کہ سی آر پی ایف ہمیشہ کشمیریوں کی مدد کرتی رہی ہے اور معاشرے کی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے ہر ممکن کوششیں کرتی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مستقبل میں مقامی عوام کے فائدے اور مدد کے لیے اس قسم کے شہری پروگرام کا انعقاد جاری رکھیں گے۔