عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سنٹر فار انوویشن، انکیوبیشن اینڈ انٹرپرینیورشپ (سی آئی آئی ای) کشمیر یونیورسٹی نے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی ) کے الیکٹریکل، مکینیکل اور سول شعبوں کے اشتراک سے جدید مہارت کی فراہمی کیلئے ہفتہ بھر جاری رہنے والے تربیتی ورکشاپ کا اختتام کیا۔ورکشاپ کا مقصد مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں ہنر مند پروگرامرز اور ٹیکنیشنز کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرتے ہوئے برقی آلات،کمپیوٹر نیومریکل کنٹرول( CNC) مکینیکل اور برک ورک سول ڈسپلن میں عملی مہارت فراہم کرنا تھا۔ ایک بیان میں کہا گیا’’شرکاء کو صنعتی ماہرین اور تجربہ کار فیکلٹی ممبران کی قیادت میں عملی سیشنز میں جانکاری فراہم کی گئی، جس نے CNC مشینی عمل، برقی آلات کے آپریشن اور اینٹوں کے کام کی تکنیکوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔چیئرمین CIIE پروفیسر گوہر بی وکیل نے تربیتی پروگرام کی میزبانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ CIIE اختراعی اور کاروباری کلچر کی حوصلہ افزائی کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا’’شرکاء کو عملی مہارت اور صنعت سے متعلقہ علم فراہم کر کے، ہم کاروباری افراد کی اگلی نسل کو مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بامعنی تبدیلی لانے کیلئے بااختیار بنانا چاہتے ہیں‘‘۔انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، زکورہ کیمپس میں منعقدہ اسکل کورسز کو ڈاکٹر بلال احمد ملک، عظمیٰ مقبول اور جنید ایوب نے ترتیب دیا۔ہنر مندی کی ترقی کے تربیتی پروگرام نے ہینڈ آن ٹریننگ سیشنز کے ذریعے برقی آلات میں شرکاء کی مہارت کو بڑھایا، خرابیوں کا سراغ لگانے اور دیکھ بھال کی تکنیکوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے CNC مشینی تکنیک کے بارے میں جامع تربیت بھی حاصل کی۔ترجمان نے کہا’’سول انجینئرنگ کے حصے نے اینٹوں کے کام کی تکنیکوں اور سول تعمیر میں بہترین طریقوں پر توجہ مرکوز کی، جو شرکاء کو اعتماد کے ساتھ تعمیراتی منصوبوں کو شروع کرنے کی مہارتوں سے آراستہ کرتا ہے‘‘۔