سیکورٹی صورتحال پر جموں میں مشاورت

جموں // ریاستی گورنر ستہ پال ملک نے بالا کوٹ حملے کے بعد ریاست کی سیکورٹی صورتحال اور امن و قانون کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں گورنر کے مشیر،چیف سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل ڈایکٹر جنرل لا اینڈ آرڈر،بی ایس ایف،سی آر پی ایف، سی آئی ڈی اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران گورنر کو امن و قانون اور سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔انہیں بتایا گیا کہ وادی اور جموں میں لوگ اپنا معمول کا کام کاج کررہے ہیں اور کوئی خوف نہیں ہے۔گورنر نے سبھی فورسز کو ہدایات دیں کہ وہ امن و قانون کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے لوگوں کی سراہنا کی کہ انہوں نے  افواہوں پر کان نہیں دھرا۔انہوں نے سیکورٹی فورسز کو ہدایات دیں کہ وہ کوئی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سوشل میڈیا پر پھلائی جارہی افواہ بازی کوخاطر میں نہ لائیں اور اپنا کام کاج جاری رکھیں۔