پونچھ// 8 سالہ بچی کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف پونچھ سیول سوسائٹی کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ عمل میں لایا گیا ۔احتجاجی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے امتیاز سلاریہ نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میںمذہبی بنیادوں پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اصل میں یہی دہشت گرد ہیں جو ملک کے ہمدرد بن کے اس کے حصے کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری فوجوں کو ان اندر کے دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ بچی کے قاتلوں کے ساتھ ہمدردی کرنے والے انسان نہیں ہیں بلکہ وہ وحشی جانوروں سے بھی بد تر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مجرموں کو بچانے کے لئے آصفہ قتل کیس کو مذہبی رنگ دیا جا رہا ہے جس کو عوام کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کچھ دیگر شر پسند تنظیمیں ہمارے ملک کی سالمیت کے لئے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان وزیروں کے خلاف کارروائی کرنا چاہئے جو آصفہ کے قاتلوں کی حمایت کر رہے ہیں۔انہوں نے بچی کے قتل کیس کے مقدمے کا فیصلہ جلد از جلد کرنے کی اپیل کی ۔اس دوران دیگر مظاہرین نے بھی مطالبہ کیا کہ لعل سنگھ اور چنندر پرکاش گنگا جیسے وزیروں کو برخواست کیاجائے ۔مظاہرین نے ان دونوں وزراء کے پتلے نذر آتش کئے ۔اس موقعہ پر مولانا سعید حبیب، مولوی حاکم الدین، نسیم شرما، انصار حسین، ابرار اختر، گاندندیپ سنگھ، منظور حسین، امتیاز حسین، منظور حسین وغیرہ بھی موجود تھے ۔