بختیار کاظمی
سرنکوٹ//تحصیل کمپلیکس سرنکوٹ کے سامنے اتوار کے روز سیزنل ٹیچروں نے احتجاج کیا اور ڈائریکٹر سماگرہ شکھشا کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس احتجاج کی صدارت وجاہت بخاری کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر سماگرہ شکھشا کی طرف سے لیفٹیننٹ گورنر کے آرڈر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے 2024میں سیزنل ٹیچروں کے لیے اعلان کیا گیا تھا کہ اب سیزنل ٹیچر نو ماہ کام کریں گے اور انہیں نو ماہ کی تنخواہ دی جائے گی لیکن حالیہ روز ڈائریکٹر سماگرہ شکھشا کی جانب سے ایک آرڈر نکالا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ سیزنل ٹیچر پہلی کی طرح ہی چھ ماہ کے لیے کام کریں گے ۔سیزنل ٹیچروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2023میں لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جو لوگ پہلے سے ہی سیزنل ٹیچر لگے ہیں وہی مسلسل کام کریں گے لیکن ڈائریکٹر سماگرہ شکھشا کا کہنا ہے کہ اب سیزنل ٹیچروں کی نئی بھرتی کی جائے گی۔ سیزنل ٹیچروں کا کہنا ہے کہ جب ہم تنخواہ کے لیے کہتے ہیں تو تب ہمیں کہا جاتا ہے کہ فنڈز دستیاب نہیں ہیں، پھر نئے سیزنل ٹیچروں کی بھرتی کے لیے فنڈز کہاں سے آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ سراسر ناانصافی کی جا رہی ہے۔ انہوں لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل کی تاکہ جو سیزنل ٹیچروں کے ساتھ انصاف کیا جاسکے۔