کنگن//تھاجواس سونہ مرگ میں سرینگر کا ایک نوجوان حرکت قلت بند ہونے سے فوت ہو گیا۔ سونہ مرگ کے تھاجواس علاقہ میں 42سالہ عمران حسین ولد ڈاکٹر حسین شاہ ساکن برزلہ سرینگر اپنے گھر والوں کے ہمراہ سیرو تفریح کے لئے سونہ مرگ کے تھاجواس پہنچا ،جہاں اچانک اس کے سینے میں درد محسوس ہوا جس کے نتیجے میں وہ غش کھاکر گرپڑا ۔ مقامی لوگوںکے مطابق اگرچہ سونہ مرگ کے تھاجواس میں گاڑیوں کو چلنے پر عدالت عظمیٰ کی طرف سے پابند عایدہے لیکن مذکورہ نوجوان کو ہسپتال لانے کے لئے افراد خانہ نے کافی منت کرکے ایک مقامی نوجوان کی ماروتی لے کر اس کو ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹر نے اُسے مردہ قراردیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق گذشتہ ماہ بھی تھاجواس میں ایک سیاح کو دل کا دورہ پڑگیا تھا جس کو وہاں سے گاڑی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پالکی پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا تھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان دنوں سونہ مرگ میں سیلانیوں کی اچھی تعداد پہنچ رہی ہے جو اکثر سیرو تفریح کے لئے تھاجواس کا رُخ کرتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تھاجواس، سونہ مرگ سے قریب پانچ کلو میٹر دور ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھاجواس میں دن میں ایمبولینس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کی ٹیم کو تعینات رکھا جائے تاکہ اگر دوبارہ ایسے واقعات پیش آئیںتو کم سے کم مریض کو موقع پر طبی سہولیات فراہم ہوسکیں جب تک اس کو کسی ہسپتال تک پہنچایا جائے ۔