نئی دہلی// حکومت نے جمعرات کو راجیہ سبھا کو مطلع کیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران جموں و کشمیر میں تقریباً 1.42 لاکھ سیاحوں نے دورہ کیا، جو گزشتہ 7 سالوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کر رہی ہے اور اس کے اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ جموں کے لیے پروازوں کی تعداد 1,280 تھی اور سرینگر کے لیے 2,048 پروازیں تھیں، جو شہری ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کو بنانے کے لیے مرکز کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے جموں کشمیر کو دی جانے والی مالی امداد ملک میں سب سے زیادہ ہے، جس میں کووڈ کے دوران اور ایمرجنسی کریڈٹ لائن گارنٹی اسکیم کے تحت 3,902 قرضے شامل ہیں، اور 1,03,750 لوگوں کی مدد کی گئی ہے۔وزیر نے ایوان بالا کو بتایا کہ "جموں و کشمیر میں کووڈ کے بعد حالات میں بہتری آئی ہے۔ صرف پچھلے مہینے میں 1,42,000 سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا ۔ یہ جموں اور کشمیر میں پچھلے سات سالوں میں سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے"۔ریڈی نے کہا، "جون 2021 کے بعد سے، تقریباً 72 لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا اور اس سے مقامی لوگوں کو مدد ملی ہے اور ان کے فنون اور دستکاری کو فروغ دیا گیا ہے‘‘۔اپنے تحریری جواب میں، انہوں نے کہا کہ اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں، جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گھریلو سیاحت اپنے عروج پر ہے۔ ریڈی نے کہا"یہ جموں و کشمیر اور لداخ کا سال-23 2022 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر سے تصدیق شدہ ہے۔ اس کے مطابق سیاحت کا شعبہ بھی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ درج کر رہا ہے۔ تقریباً 1.43 لاکھ سیاح دسمبر 2021 میں کشمیر کا دورہ کیا جو پچھلے سات سالوں میں سب سے زیادہ ہے‘‘ ۔"ستمبر 2021 سے لے کر اب تک تقریباً 72.09 لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا، جن میں یاتری بھی شامل ہیں، جو کہ پچھلے سال کے مقابلے بہت زیادہ ہے۔ سردیوں کے موسم میں سرینگر اور سیاحتی مقامات خاص طور پر گلمرگ اور دیگرسیاحتی مقامات پر 100 فیصد اعلیٰ ہوٹلوں کی بکنگ دیکھی گئی۔