عظمیٰ نیوز سروس
سرنکوٹ// ہفتہ کے روز گورنمنٹ پرائمری اسکول اپر سیداں پھاگلہ کے طلباء نے صبح کی اسمبلی جو اکثر اسکول میں ہوتی ہے اپنے سرٹیفکیٹ ہاتھوں میں تھامے زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر سرنکوٹ پہنچے اور وہاں قطاریں بنا کر صبح کی اسمبلی منعقد کی۔اس دوران طلباء کے والدین نے نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 65 بچوں کی تعلیم گزشتہ چھ ماہ سے متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دو ماہ قبل مذکورہ اسکول کو ری لوکیٹ (منتقل)کیا گیا تھا اس دوران بچوں کوصرف تین گھنٹے ہی تعلیم دی جاتی رہی۔انہوں نے بتایا کہ اساتذہ دوسری جگہ حاضری کرنے کے بعد ساڑھے دس بجے اسکول پہنچتے رہے اور صرف تین گھنٹے بچوں کو تعلیم دینے کے بعد پھر واپس حاضری کر کے چھٹی کر دی جاتی رہی جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے اور ان معصوم بچوں کے آنے والے مستقبل کو برباد کیا جا رہا ہے۔ والدین نے بتایا کہ ہفتہ کے روز اساتذہ اسکول نہیں آئے جب ان سے پوچھا گیا تو اساتذہ نے بتایا کہ ہمارے پاس کوئی آرڈر موجود نہیں ہے جس کے تحت وہ دو جگہ تعلیم نہیں دے سکتے۔والدین نے اس بات کو مدنظر رکھتے ہوے اپنے بچوں کو ساتھ لے کرزونل ایجوکیشن آفیسر سرنکوٹ پہنچے اور اپنا احتجاج درج کرواتے ہوے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اور ڈاریکٹر سکول ایجوکیشن سے اپیل کی کہ مذکورہ معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ لیا جائے تا کہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔اس دوران زونل ایجوکیشن آفیسر سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں مذکورہ معاملہ پر کوئی بھی بات چیت کرنے سے انکار کیا ۔