سکول کا درجہ نہ بڑھ پایا

 
مینڈھر // مینڈھر کے پٹھا نہ تیر گائوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان اور ہائی سکول کا درجہ بڑھانے کی مانگ کے سلسلہ میں احتجاج کیا گیا جس کے دوران مقامی لوگوں نے فیصلہ کیا کہ مانگیں پوری نہ ہونے پر آئندہ پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا جبکہ انتخابی بائیکاٹ کے سلسلہ میں 8اپریل کو ایس ڈی ایم مینڈھر کو ایک یاداشت بھی پیش کی جائے گی ۔جمعہ کی نماز کے بعد مقامی لوگوں نے ریاستی انتظامیہ اور سیاسی لیڈران کیخلاف نعرے بازی کرتے ہو ئے کہاکہ مقامی لوگوں کی جانب سے گزشتہ کئی عرصہ سے ہائر سکینڈری سکول کی مانگ کی جارہی ہے جبکہ ہر ایک بار انتخابات کے دنوں میں عوام کو یقین دلایا جاتا ہے لیکن انتخابات کے بعد اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔مظاہرین نے کہاکہ اس وقت گائوں میں تمام بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے عوام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔اس دوران عبدالرحمن چوہدری کی قیادت میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مقامی لوگوں نے کہاکہ وہ اپنی مانگیں پوری ہونے تک لڑائی جاری رکھیں گے جبکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا ۔